بسنت منانے کی تجویز پر سفارشات کی تیاری شروع | Tehlka.tv

بسنت منانے کی تجویز پر سفارشات کی تیاری شروع

لاہور(تہلکہ نیوز) عام انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض حکومتی ارکان اسمبلی کی جانب سے بسنت منانے کی تجویز سامنے آ گئی۔

حکومتی کمیٹی نے سفارشات کی تیاری شروع کر دی جن کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف ہی حتمی فیصلہ کر ینگے۔ وزیرِ صحت سلمان رفیق نے سفارشات کی تیاری کی تصدیق کر دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس جب بسنت منانے سے متعلق کمیٹی نے سفارشات دیں تھیں تو وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف نے کہا تھا کہ بسنت منانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اس کیلئے پہلے حفاظتی اقدامات ہونا ضروری ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والے بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے مختلف ملاقاتوں میں یہ تجویز دی گئی ہے کہ لاہور میں بسنت منانے کی اجازت دیدی جائے جبکہ حکومتی جماعت سے تعلق رکھنے والے بعض سینئر ارکان نے بسنت منا نے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خونی کھیل بن چکا ہے، کوئی ہلاکت ہو گئی تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

صوبائی وزیرِ صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ لاہور میں حفاظتی انتظامات کیساتھ بسنت ہونی چاہیے لیکن فیصلہ کمیٹی کریگی، حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں پابندی سے قبل بسنت کا تہوار آخری مرتبہ 2009ء میں منایا گیا تھا، اس وقت صوبے میں گورنر راج نافذ تھا۔ پتنگ بازی اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں پر مشتمل اس تہوار کو موسم بہار کی آمد کے موقع پر ہر سال منایا جاتا ہے، تاہم بسنت کے موقع پر دھاتی دھاگوں کے استعمال سے ہلاکتوں کے باعث حکومتِ پنجاب نے چند برس قبل بسنت کے تہوار اور اس موقع پر پتنگیں اڑانے پر پابندی عائد کر دی تھی۔



Source link

اپنا تبصرہ بھیجیں